• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نبی کریمﷺ کے اسوہ حسنہ کو اپنا کر معاشرے میں امن،محبت اور رواداری کو فروغ دیا جاسکتا ہے، علمائے کرام

بریڈفورڈ(محمد رجاسب مغل ) سنی جمعیت عوام برطانیہ کے زیر اہتمام فاطمیہ کالج بریڈفورڈ میں عظیم الشان جشن میلاد النبی صلی ﷲ وعلیہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔پیر محمد عرفان حسین شاہ مشہدی موسوی کی زیر صدارت ہونے والی کانفرنس میں برطانیہ بھر سے سادات کرام ،علماء ربانین اور عاشقان مصطفیٰ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پیر عرفان شاہ مشہدی نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد مصطفیٰ، احمد مجتبیٰ ؐ کی ذات بابرکات تمام جہانوں کے لیے رحمت بن کر آئی سید الانبیاء ہمارے سید و مولیٰ حضرت محمد عربی صلی ﷲ علیہ وسلم کو خدا تعالیٰ نے جو عظیم الشان روحانی مقام عطا فرمائے ان میں سے ایک مقام آپؐ کا صفات باری کا مظہر اتم ہونے کابھی ہے جو تمام روحانی مقامات کی معراج اور انتہاہے۔ نبی کریمؐ سے محبّت دنیوی اور اخروی کامیابیوں کے حصول کی کلید ہے آج بھی ترقی و کامرانی کا راز سیرت نبوی صلی ﷲ علیہ وآلہ وسلم کی پیروی میں ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے نظام تعلیم، نظام معیشت و معاشرت الغرض زندگی کے تمام پہلوؤں کو حضور اکرم صلی ﷲ علیہ وآلہ وسلم کے بتائے ہوئے اصولوں سے ہم آہنگ کریں اور سیرت محمدی صلی ﷲ علیہ وآلہ وسلم کو اپنے لیے بہترین ماڈل بناکر اپنی سیرت و کردار پر مصطفویت کی چھاپ لگا کر غلامانِ مصطفیٰ صلی ﷲ علیہ وآلہ وسلم بن کر اپنی زندگیاں گزاریں۔ انہوں نے کہا کہ دلوں کی تطہیر اور ان کے تزکیے کے لیے اس طرح کی میلاد کانفرنسوں کا انعقاد وقت کا تقاضا ہے تا کہ حضور پاک صلی ﷲ وعلیہ وسلم ،اہلبیت اطہار اور صحابہ کرام رضی ﷲ تعالیٰ عنھم کی محبت اور آپؐ کے اسوہ حسنہ کی خوشبو سے اپنے ظاہر و باطن کی اصلاح اور فعال معاشرے میں امن ،محبت اور رواداری کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ میلاد پاک کے جلسے اور جلوس نہ صرف ہمارے لیے باعث رحمت ہیں بلکہ غیر مسلموں میں بھی اسلام کے حقیقی پیغام پہنچانے کا بھی ذریعہ ہیں۔کانفرنس سے علامہ سید حسن محمود شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری سب سے بڑی نعمت ہے ۔آپؐ کی ولادت سے قبل ظلم ستم کی اندھیریاں چل رہی تھیں امن اور سکون کا نام نہ تھا آپؐ تمام جہانوں کے لئے رحمت بن کر آئے جس سے ظلم کے تمام بادل چھٹ گئے اور ہر طرف اجالا چھا گیا۔ علامہ نبیل افضل قادری نے کہا کہ خاتم الانبیاؐ انسانی حقوق کے سب سے عظیم اور حقیقی علمبردار ہیں قیامت تک انسانیت کے لیے آپؐ محسن رہیں گے ۔علامہ مفتی بشیر طاہر نے کہا کہ ﷲ رب العزت نے واشگاف الفاظ میں اپنے محبوب کی بعثت اور ولادت پر احسان جتلایا کہ کہیں اسے کوئی معمولی نعمت نہ سمجھ لیں کیونکہ میرے مصطفیٰ صلی ﷲ علیہ وآلہ وسلم کا وجود رحمت ہی میری سب سے بڑی نعمت ہے میرے سارے خزانوں میں سب سے انمول اور قیمتی ترین خزانہ ہے۔ پیر سید سلطان حسین شاہ مشہدی نے کہا کہ محفل میلاد کے اہتمام سے حضور علیہ السلام سے محبت و عشق کا تعلق پیدا ہوتا ہے جس سے منافقت ختم ہوتی ہے اور نئی نسل کو حضور علیہ السلام سے جذباتی تعلق استوار کرنے کے لیے ایک نہایت مثبت سرگرمی میسر آتی ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسی محافل میں نوجوانوں کو آپ کی محبت کی تعلیمات دی جائے۔ اس موقع پر پیر سید فاروق حسین شاہ ،علامہ شفیق علامہ حمزہ حسن قادری ،علامہ ساجد شامی ،سید عباس شاہ ،کونسلر جاوید اقبال اور دیگر علماء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ﷲ کے رسول حضرت محمد مصطفیٰ صلی ﷲ علیہ وسلم کی محبت اور آپ ﷺکے اہلِ بیت کی محبت ہمارے ایمان کا جزو ہے حضور نبی اکرم صلی ﷲ علیہ وآلہ وسلم کے بحرِ علم و معرفت سے جو علوم و معارِف سیدنا علی کرم ﷲ وجہہ الکریم کو نصیب ہوئے، وہ اُنہی کا حصہ تھے اَہلِ سنت کے بنیادی عقائد میں ﷲ تعالیٰ کی ذات و صفات اور حضور نبی اکرم صلی ﷲ علیہ وآلہ وسلم کی ذات و کمالات پر ایمان رکھنا بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔اس کے ساتھ ہی ساتھ حضور نبی اکرم صلی ﷲ علیہ وآلہ وسلم کے اہلِ بیتِ اطہار، صحابہ کرام،مشائخ اور اولیاء عظام سے محبت و تکریم بھی اہلِ سنت کے شعائر میں شامل ہے ۔کانفرنس سے پیر الطاف حسین شاہ کاظمی،سید فیض رسول ،عدنان علی حسینی ،ابرار احمد ہاشمی ،مولانا عرفان ،وسیم چوہدری ،حافظ رزاق، نعیم اقبال مون، قاری عیسی خان نوشاہی، علامہ کمال حیدر، محسن محبوب شاہ، کونسلر محسن آف کیتھلے اور دیگر نعت خوان حضرات نے خوبصورت انداز میں ہدیہ عقیدت پیش کر کے تقریب کو روح پرور بنا دیا ۔آخر میں پیر عرفان شاہ نے امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق کے لیے خصوصی دعا کرائی ۔

تازہ ترین