لندن (پی اے) این ایچ ایس ایمبولینس سروس نے 999 کالرز پر زور دیا ہے کہ وہ فون بند نہ کریں کیو نکہ ہمیں فون اٹھانے میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ دی ایسٹ آف انگلینڈ ایمبولینس سروس (ای ای اے ایس) کے باس نے کہا ہے کہ ہیلتھ سروس کی ڈیمانڈز کا مطلب یہ ہے کہ وہ انتہائی مصروف ہے۔ ای ای اے ایس کے چیف آپریٹنگ آفیسر مارکوس بیلی نے کہا کہ کوویڈ ونٹر پریشر اور ریکروٹمنٹ کے کامبی نیشنز کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سروس نے اس دبائو کو کم کرنے میں مدد کیلئے اگلے چند ماہ میں 100 کال ہینڈلرز ریکروٹ کرنےکا منصوبہ بنایا ہے۔ ای ای اے ایس نے آن لائن پوسٹرز شائع کئے ہیں جن میں ایمرجنسی کالرز کو بتایا گیا ہے کہ وہ صبر اور تحمل کا مظاہرہ کریں ۔ یہ سروس بیڈفورڈ شائر، کیمبرج شائر، ایسیکس، ہرٹفورڈ شائر، نارفوک اور سفوک کو کور کرتی ہے۔ مارکوس بیلی نے بی بی سی لک ایسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 999 پر فون کرنے والوں کیلئے یہ ایک وارننگ ہے کہ ایمبولینس سروس انتہائی مصروف ہے اور کچھ پوائنٹس پر ہمارے 999کال کو وصول کرنے میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ آپ فون کو بند نہ کریں اور لائن پر ہی رہیں اور ہم ہر ممکن طور پر جلد از جلد آپ کے پاس پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سروس کو کال کرنے کیلئے ان لوگوں کو ترجیح دینی چاہئے جو واقعی جان لیوا کیسز ہوں کیونکہ ہماری ترجیح ہمیشہ انتہائی ضروری اور ایمرجنسی کیسز پر اولین رسپانس رہی ہے۔ مسٹر بیلی نے کہا کہ ہسپتالوں میں تاخیر کی وجہ کوویڈ، سیزنل بیماریاں اور کورونا پینڈامک کی وجہ سے آپریشنز کا بیک لاگ ہے، جس کی وجہ سے مریضوں کو بعض اوقات میں ہمارے رسپانس کرنے میں تاخیر اور مشکلات ہو سکتی ہیں۔ گزشتہ ماہ نارفوک ہسپتال میں ایک ایمبولنس کے عقب میں ایک مریض کو دل کا مہلک دورہ پڑا تھا جو دو گھنٹے سے زائد دیر تک باہر قطار میں کھڑی تھی۔