• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات پر پارلیمان کو اعتماد میں لیا جائیگا، فرخ حبیب


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ افواج پاکستان دہشتگردوں کیخلاف لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہیں کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات پر پارلیمان کوا عتماد میں لیا جائے گا، کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ ابھی سیز فائر ہوا ہے بات آگے چلنے دیں، سندھ میں پیپلز پارٹی کے ایم پی ایز لوگوں کی جانیں لیتے پھر رہے ہیں۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر اور ن لیگ کے رہنما طارق فضل چوہدری بھی شریک تھے۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ کوئی ایک شخص، جماعت یا ادارہ مستقبل کا لائحہ عمل طے نہیں کرسکتا، ذاتی طور پر کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ گفتگو کا مخالف ہوں، سانحہ اے پی ایس کے ذمہ داروں کو معاف کرنے کی کبھی حمایت نہیں کرسکتا،ٹی ایل پی کے ساتھ معاہدے سے ریاست کی پوزیشن کمزور ہوئی ہے۔ن لیگ کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ میں وزیراعظم کا شریک نہ ہونا افسوسناک ہے، اہم قومی معاملات پر مشاورت میں فیصلہ اپوزیشن نے نہیں چیف ایگزیکٹو نے کرنا ہوتا ہے، خون خرابہ اور پرتشدد کارروائیاں کوئی نہیں چاہتا ہے، کالعدم ٹی ٹی پی کے معاملہ پر پہلے شہید ہونے والوں کے لواحقین سے پوچھا جائے۔وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ پارلیمنٹ ٹی ٹی پی کیخلاف جنگ لڑنے کا فیصلہ کرتی ہے تو ٹھیک ہے جنگ لڑ لیں، افواج پاکستان دہشتگردوں کیخلاف لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے، پہلے بھی افواج پاکستان نے دہشتگردی کا قلع قمع کیا تھا۔

تازہ ترین