کوئٹہ (نمائندہ جنگ)کوئٹہ میں جامعہ بلوچستان کے دو طلباء کے لاپتہ ہونے پر طلباء تنظیموں نے احتجاج کیا اور احتجاجاً یونیورسٹی کاداخلی دروازہ بند کردیا ،مظاہرین نے طلباء کی بازیابی کا مطالبہ کیا، جامعہ بلوچستان کے دو طالب علموں کے لاپتہ ہونے کے خلاف ساتھی طلباء اور طلباء تنظیموں نے احتجاج کیا،طلباء کے مبینہ طور پر لاپتہ ہونے کے خلاف طلباء نے سریاب روڈ پر یونیورسٹی کاداخلی دروازہ بند کردیا اور مظاہرہ کیا، طلباء کا کہنا تھا کہ 5 نومبر سے بلوچستان یونیورسٹی کے دو طالبعلم لاپتہ ہیں،جب تک طلباء کو بازیاب نہیں کیا جاتا، احتجاج جاری رہے گا، دوسری جانب احتجاج اور یونیورسٹی کا داخلی دروزہ بند ہونے پر دیگر طالب علموں ، اساتذہ اور یونیورسٹی کے عملے کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،بالخصوص طالبات کو شدید دشواری پیش آئی ،پولیس حکام کے مطابق چار روز قبل جامعہ بلوچستان کے طالب علم فصیح اللہ اور سہیل کی گمشدگی سے متعلق اہل خانہ کی جانب سے نامعلوم افراد کے خلاف یونیورسٹی تھانہ میں مقدمہ درج کرایا گیا، لاپتہ افراد کا تعلق نوشکی سے ہے،لاپتہ دونوں افراد کی بازیابی سے متعلق تحقیقات جاری ہیں ۔