• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

داعش خراسان کا ابھرنا، علاقائی سلامتی کیلئے خطرہ ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ داعش خراسان کا ابھرنا علاقائی سلامتی کیلئے خطرہ ہے،غیر ملکی شہریوں کی غیر مجاز آمد کو کنٹرول کرنے کیلئے پاکستان کے سرحدی نظام کو بھی بہتر بنانا ہوگا ، پاکستان کو درپیش خطرات متعدد اور پیچیدہ ہیں کیونکہ پاکستان پانچویں جنریشن /ہائبرڈ جنگ کا شکار ہے ،ان کی حکومت کورونا وائرس کے منفی اثرات کو کم کرنے اور کورونا وائرس کے بعد دنیا میں مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے ایک موثر پالیسی بنا رہی ہے۔ کورونا وائرس کے بعد عالمی خلاصے نے پاکستان کیلئے خطرے کے امکانات کو کم کر دیا ہے اور سی پیک کے مواقع نے سندھ کو سرمایہ کیلئے بہترین آماجگاہ بنا دیا ہے جس سے سرمایہ کاری پر منافع، کاروبار کرنے میں آسانی اور پائیدار کاروبار کے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے میجر جنرل راحت نسیم احمد خان کی قیادت میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (NDU) کے نیشنل سیکورٹی اینڈ وار کورس 2022 کے 230 رکنی شرکاء سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات اور ان سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شرکاء میں پاکستان کی مسلح افواج، 23سرکاری ملازمین اور 15مختلف ممالک کے اعلیٰ فوجی افسران کی بڑی تعداد شامل تھی۔ مراد علی شاہ نے دہشت گردی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے تاہم تیزی سے بدلتے ہوئے علاقائی ماحول کیلئے سندھ میں کام کرنے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے انسداد کیلئے 20 نکاتی نیشنل ایکشن پلان (NAP) 2014 میں آل پارٹیز کانفرنس میں تیار کیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انکی حکومت صوبائی ایپکس کمیٹی کے فریم ورک کے تحت این اے پی کے نکات کو فعال طور پر نافذ کر رہی ہے۔

تازہ ترین