کوئٹہ(نمائندہ جنگ) بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں آوارہ کتوں کی ویڈیو کا معاملے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بی ایم سی ڈاکٹر نوراللہ موسیٰ خیل نے 4رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی اور غفلت برتنے پر آر ایم او نائٹ ،سیکورٹی گارڈز انچارج اور سپروائزر برائے نائٹ شفٹ کوشوکاز نوٹسز جاری کرتے ہوئے 24گھنٹے میں تحریری جواب طلب کرلیاہے جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس نے نوٹس لیتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کو فوری کارروائی کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ حفظان صحت کے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ شب رات کو ایک بجے کے قریب بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں آوارہ کتوں کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس پر ایکشن لیتے ہوئے ایم ایس بی ایم سی ڈاکٹرنوراللہ موسیٰ خیل نے انکوائری کیلئے 4رکنی کمیٹی تشکیل دیدی جس میں ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر عبدالرشید خان جمالی ،نادر خان اچکزئی ،ڈاکٹر جاوید خان اور محمد اعظم شامل ہیں ،انکوائری کمیٹی 12گھنٹے میں رپورٹ مرتب کرکے ایم ایس کو پیش کریگی ۔ایم ایس ڈاکٹرنوراللہ موسیٰ خیل نے آ ر ایم او نائٹ ڈاکٹر خالد جاوید ،سیکورٹی گارڈ انچارج شہزاد احمد،نائٹ شفٹ سپروائزر محمدمراد بگٹی کوشوکازنوٹسز جاری کردی ہے جس میں کہاگیاہے کہ وائرل ویڈیو جس میں آوارہ کتے رات کو ہسپتال کے اندر گھوم رہے ہیں آپ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے آپ کی لاپرواہی کی وجہ سے ہسپتال کی بدنامی ہوئی ہے۔