کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال کیا نیب کی جانب سے یکے بعد دیگرے حکومتی رہنماؤں کو ریلیف ملنے پر اپوزیشن کے دعوے درست ہیں؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ اپوزیشن کے نیب کی طرف سے حکومتی رہنماؤں کو ریلیف دینے کے دعوے درست ہیں۔
ایک دوسرے سوال پر تجزیہ کاروں نے کہا کہ پاکستان کے ٹی ٹی پی سے مذاکرات پر بین الاقوامی سطح پر منفی ردعمل نہیں آئے گا، ارشاد بھٹی نے کہا کہ نیب کے اپوزیشن کیخلاف چار پانچ مشکوک کیسز ہیں، نیب کا پیمانہ اپوزیشن اور حکومت کیلئے مختلف ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ نیب اپوزیشن کیخلاف انتقامی کارروائیاں کررہا ہے۔
وزیراعظم عمران خا ن نے اپنی پہلی تقریر میں احتساب گھر سے ہونے کا وعدہ کیا تھا وہ پورا نہیں ہورہا ہے، اپوزیشن رہنماؤں کو الزام لگتے ہی نیب نے گرفتار کرلیا ہے، حکومتی ارکان عامر کیانی، پرویز خٹک، اعظم خان اور محمود خان کو کتنی دفعہ نیب نے بلایا ہے۔مظہر عباس کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے نیب کی طرف سے حکومتی رہنماؤں کو ریلیف دینے کے دعوے درست ہیں۔