پاکستان اور آسٹریلیا مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں کل دوسرے سیمی فائنل میں مدِمقابل آرہے ہیں، جہاں شائقینِ کرکٹ کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ہوئے ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی بات کی جائے تو شاہینز کو کینگروز پر 3 میچز کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا 23 مرتبہ آمنے سامنے آچکے ہیں جن میں پاکستان نے 13 میچز جیتے جبکہ آسٹریلیا 9 میچز جیتنے میں کامیاب ہوا اور ایک میچ بےنتیجہ رہا۔
تاہم واضح رہے کہ قومی ٹیم کو ان 13 فتوحات میں سے ایک کامیابی میچ برابر ہونے کے بعد سپر اوور میں ملی تھی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل دونوں کے درمیان مجموعی طور پر 24واں مقابلہ ہوگا، جو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہے جہاں پاکستان کو آسٹریلیا پر واضح برتری حاصل ہے۔
گرین شرٹس نے یو اے ای میں آسٹریلیا کے خلاف مجموعی طور پر 8 میچز کھیلے اور ان میں سے اس نے 6 میں فتح سمیٹی جن میں ایک میچ برابر ہونے کے بعد سپر اوور میں گیا تھا۔
لیکن آسٹریلیا کو اماراتی میدانوں میں پاکستان کے خلاف صرف 2 ہی میچز میں کامیابی مل سکی۔
اگر صرف دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کی بات کی جائے تو دونوں ٹیمیں 7 مرتبہ مدِ مقابل آئیں جن میں سے سپر اوور میں کامیابی سمیت پاکستان 5 مرتبہ کامیاب رہا۔
اکتوبر 2018 میں ہوئی تین میچز کی سیریز میں قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو وائٹ واش کردیا تھا۔
تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ کینگروز پاکستان کی جیت کے تسلسل کو توڑنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا پھر شاہینز اپنی جیت کی روایت برقرار رکھیں گے۔