کوئٹہ(خ ن) کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ کی زیر صدارت نئی یونین کونسلز کے قیام اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں ڈی سی کوئٹہ عرفان نواز میمن، ڈی سی پشین ظہور علی، ڈی سی قلعہ عبداللہ حبیب اللہ خان، ڈویژنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہجہان ‘ چیف میٹروپولیٹن آفیسر کوئٹہ عطاء للہ بلوچ و دیگر متعلقہ آفیسران نے شرکت کی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں آبادی اور سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی یونین کونسلز کا قیام عمل میں لایا جائے گا جن یونین کونسلز کی آبادی میں اضافہ ہوا ہے ان پر ایک خصوصی کمیٹی مکمل سروے کے بعد اپنی رپورٹ مرتب کرے گی جس کی روشنی میں یونین کونسلز میں اضافہ کیا جائے گا اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نئی یونین کونسلز میں عوام کی سہولیات کے لیے فنڈز کی بروقت فراہمی اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بھی اقدامات اُٹھائے جائیں گےکمشنر نے کہا کہ مسائل کے حل کےلیے نئی یونین کونسلز کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے ڈویژن کے دور دراز علاقوں میں یونین کونسل کے قیام سے ہی عوام کے بنیادی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گےکمشنر نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولیات کے لئے یونین کونسل کے حوالے سے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔