• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وقار ملک، کوونٹری سٹی

کہتے ہیں قوتوں، صلاحیتوں، حوصلوں، امنگوں، جفا کشی، بلند پروازی اور عزائم کا دوسرا نام نوجوانی ہے۔ کسی بھی قوم وملک کی کامیابی وناکامی، فتح و شکست، ترقی وتنزلی اور عروج وزوال میں نوجوانوں کا اہم کردار ہوتا ہے۔ ہر انقلاب چاہے وہ سیاسی ہو یا اقتصادی، معاشرتی ہو یا ملکی، سائنسی ہو یا اطلاعاتی ونشریاتی۔ غرض کہ سب ہی میدانوں میں نوجوانوں کا رول نہایت ہی اہم اور کلیدی ہوتا ہے۔ روس کا انقلاب ہو یا فرانس کا، عرب بہاریہ ہو یا مارٹن لوتھرکنگ (1929-1968) کا برپا کردہ انقلاب، غرض کہ ہر انقلاب میں نوجوانوں کا اہم حصہ رہا ہے۔

ماضی میں بھی جیسا کہ تاریخ سے ثابت ہے کہ ہر چھوٹی بڑی تبدیلی نوجوانوں ہی کے ذریعہ سے آئی۔آج بھی ایسا ہی ہے،اسی لیے ہر قوم وملک اور تنظیم نوجوانوں پر اپنی نگاہیں اور توجہ مرکوز کئے ہوئےہیں۔ دوسرے یورپین ممالک کی طرح بیلجئم نے بھی نوجوانوں کی زبردست پزیرائی کی۔ وہ نوجوانوں کوتمام سہولیات فراہم کر رہی ہے، جس سےاُن میں آگے بڑھنے کا جذبہ اور شوق پیدا ہوتا ہے ۔ عمر شایان جرال جس نے باکسنگ کی دنیا میں اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کیا۔ 

عمر شایان کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے ، اسے باکسنگ کا بچپن سے شوق تھا، اسی میں وہ نام کمانا چاہتا تھا و ہ پاکستانی باکسر عامر خان کو اپنا آئیڈیل سمجھتاہے، جنھوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ۔ عمر کی خواہش ہے کہ وہ عامر خان سے ملےاور اُن کے مشورے سے مستقبل کی پلاننگ کرے۔ گذشتہ دنوں عمر شایان نے بیلجئم میں باکسنگ کے مقابلے میں حصّہ لیااور نیشنل چیمپین کا اعزاز حاصل کیا اس موقعے پر عمر نےکہا کہ پاکستان اور کشمیر میں نوجوانوں کو اسپورٹس کی طرف راغب کرنے کے لیے کسی قسم کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی۔ 

میں چاہتا ہوں کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کی اہمیت کو سمجھے، انھیں تعلیمُ اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف مائل کرے۔ یہ کام حکومت کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو تعلیم وتربیت کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیوں کی طرف بھی راغب کرنا چاہیے، بالخصوص دیار غیر میں رہ کر ہم اپنی کمیونٹی اور ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں لیکن اس کے لیے محنت درکار ہے ۔

تازہ ترین