• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان آسٹریلیا 2010 کا سیمی فائنل: مائیک ہسی کی بیٹنگ کی ویڈیو


پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2010 کے سیمی فائنل میں آسٹریلوی بیٹر مائیک ہسی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو شکست دینے میں کامیاب ہوسکا تھا، اس میچ میں مائیک ہسی نے 24 گیندوں پر 60 رنز بنائے تھے اور آخری اوور میں سعید اجمل کا سامنا کرتے ہوئے 23 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

مائیک ہسی کی شاندار بیٹنگ کی ویڈیو کرکٹ ویب سائٹ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا 2010 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہلی بار ناک آؤٹ مقابلے میں مدمقابل ہوئے تھے، ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 191 رنز بنائے تھے۔

پاکستا ن کی طرف سے کامران اکمل اور ان کے بھائی عمر اکمل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 191 رنز تک لے کر کامیاب ہوئے تھے، دونوں بھائیوں نے نصف سنچری بنائی تھی، عمر اکمل نے 56 اور کامران اکمل نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں جب  میدان  میں اتری تو شروع میں ہی مشکلات کا شکار ہوگئی تھی، اس کے 105 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے جس کے بعد پاکستانی ٹیم کی جیت کا یقین ہوچکا تھا، مگر آخر میں مائیک ہسی نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا تھا۔

پاکستان کے خلاف میچ جیتنے کے لیے آسٹریلیا کو آخری اوور میں 18 رنز درکار تھے، جب مائیک ہسی نے سعید اجمل کے آخری اوور میں مسلسل تین چھکے لگا کر ہاری ہوئی بازی جیت میں بدل دی تھی۔

مائیک ہسی ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے تھے اور انہوں نے اپنی شاندار بلے بازی کی بدولت سعید اجمل کا سامنا کرتے ہوئے آخری اوور میں 23 رنز بناکر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچادیا تھا۔

تازہ ترین