لاڑکانہ( بیورو رپورٹ) ضلع قمبر شہدادکوٹ کے علاقے خیرپور جوسو میں تقریبا" ایک ہفتہ قبل فائرنگ سے جاں بحق خاتون فہمیدہ سیال اور کراچی میں ناظم جوکھیو کے قتل کے خلاف ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن لاڑکانہ کی اپیل پر وکلا نے جمعرات کو عدالتی امور کا بائیکاٹ اور مظاہرہ کیا۔ بائیکاٹ کے باعث ہائی کورٹ لاڑکانہ سرکٹ بنچ اور شکارپور، جیکب آباد، کندھ کوٹ، قمبر شہدادکوٹ اور لاڑکانہ کے اضلاع کی سیشن کورٹس اور ماتحت عدالتوں میں سیکڑوں مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی اور سائلین کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔فہمیدہ سیال قتل کیس کے دو ملزمان نے ہائی کورٹ میں توہین عدالت اور دو نے مستقل ضمانت کی بھی پٹیشن دائر کردی۔ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن لاڑکانہ کی اپیل پر ڈویژن بھر کی عدالتوں میں وکلا نے بائیکاٹ کردیا۔خیرپور جوسو میں فہمیدہ اسران اور کراچی میں ناظم جوکھیو کے قتل کے خلاف وکلا نے عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا۔