کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری سے تیجوری ہائٹس کیس کا تحریری حکم نامہ جاری ہوگیا۔ تحریری فیصلہ لارجر بنچ کے سربراہ چیف جسٹس گلزار احمد نے لکھا ہے جس میں حکم دیا گیا ہے کہ چار ہفتوں میں پوری عمارت گرائی اور ملبہ اٹھایا جائے اور چار ہفتوں کی مدت 29 اکتوبر سے شروع ہوگی۔ چیف جسٹس نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ بلڈر پابند ہوگا کہ بکنگ کرانے والوں کو تین ماہ میں معاوضہ ادا کرے۔تیجوری ہائٹس اس فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائے اور عمل درآمد نہ کرنے پر تیجوری ہائٹس انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی ہوگی عمارت کے انہدام اور ملبہ اٹھانے کی نگرانی کمشنر کراچی خود کریں۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے انہدام سے قبل تیجوری ہائٹس انتظامیہ عمارت سے ضروری فائلیں اور سامان نکال لے لیکن بکنگ فائلیں کمشنر کراچی کی زیرنگرانی نکالی جائیں اور کمشنر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ بکنگ فائلوں کی مکمل انونٹری بنائیں انونٹری میں بکنگ کروانے والوں کے مکمل پتے، حسابات درج کیے جائیں انونٹری مکمل کرکے کمشنر کراچی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائیں۔