• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ دو ماہ کے دوران لندن میں واجد شمس الحسن اور بیرسٹر صبغت ﷲ قادری کیوسی کی اموات ہوئیں، یہ دو ایسی اموات ہیں جنہیں برطانیہ بھر کی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے شدت سے محسوس کیا، اس دکھ کا احساس سوشل میڈیا سے بھی بخوبی کیا جا سکتا ہے اگرچہ ان دونوں مرحومین کا میدانِ عمل مختلف تھا لیکن ان کی سوچ کا زاویۂ نگاہ یقیناً اُن دونوں کے درمیان ایک قدرِ مشترک تھی۔ اس کے علاوہ یہ دونوں ذوالفقار علی بھٹو کے سیاسی فلسفے سے بھی بےحد متاثر تھے اور پاکستان میں بدلتے ہوئے سیاسی و معاشی حالات اور آتی جاتی حکومتوں کے دوران ہمیشہ پوری توانائی سے اپنی آواز بلند کرتے رہے۔ یہ دونوں بزرگ بھٹو اور بعدازاں بینظیر بھٹو کے قریبی صلاح کاروں میں شمار ہوتے تھے، واجد شمس الحسن تو پہلے 1994اور پھر 2008میں پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر بھی رہے۔ 28ستمبر کو واجد صاحب اور 2نومبر کو قادری صاحب اس جہانِ فانی سے کوچ کر گئے۔

درست ہے کہ زندگی کی طرح موت بھی ایک حقیقت ہے بلکہ موت سب سے بڑی سچائی اور حقیقت ہے، اس سے مُفر بھی ممکن نہیں۔ انسانی ذہن اس کے بارے میں ہمیشہ سوچتا رہا ہے، سوال اُٹھاتا اور ان کے جوابات تلاش کرتا رہا ہے لیکن یہ معمہ سمجھ میں نہیں آتا اور نہ ہی حل ہوتا ہے۔ شاعروں اور تخلیق کاروں نے موت اور اس کے اردگرد پھیلے ہوئے غبار میں سب سے زیادہ ہاتھ پیر مارے لیکن ایک بےانت اُداسی و مایوسی ہے۔ بیرسٹر قادری بھارتی شہر بدایوں میں پیدا ہوئے جبکہ واجد شمس الحسن کا آبائی تعلق حیدر آباد کے آفندی خاندان سے تھا۔ وہ ایک صحافی، سیاستدان اور سفارت کار بھی تھے۔ انٹرنیشنل ریلیشنز میں ماسڑ کی ڈگری حاصل کرکے کامن ویلتھ پریس یونین کے اسکالر شپ پر لندن آئے یہاں ایک سال تک بہترین اداروں سے تربیت حاصل کرنے کے بعد 1969میں ’جنگ گروپ‘ کے انگریزی اخبار ’’ڈیلی نیوز‘‘ کے مدیر بنے۔ واجد صاحب جمہوریت کے کٹر داعی اور نظریاتی طور پر پاکستان پیپلز پارٹی کے ہمیشہ قریب رہے 2011میں ایبٹ آباد کمیشن بنا تو واجد صاحب کو برطانیہ سے طلب کیا گیا تاکہ وہ اپنے اس بیان کی وضاحت کریں جس میں انہوں نے مغربی ذرائع ابلاغ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کی مدد کے بغیر امریکہ اسامہ بن لادن کے خلاف کارروائی نہیں کر سکتا تھا، واجد صاحب ایبٹ آباد کمیشن کے سامنے کبھی پیش نہ ہوئے اور اپنی موت تک لندن میں ہی رہے، واجد صاحب اور بیرسٹر قادری تقریباً ہم عمر تھے، قادری صاحب ایک عرصہ سے کینسر کے عارضہ میں مبتلا تھے ان کی عمر 85سال تھی، میں خود گزشتہ کوئی 30سال سے ان دونوں بزرگوں کی محافل میں بیٹھتا رہا ہوں، ہائی کمیشن چھوڑنے کے بعد واجد صاحب تو کم ہی تقاریب میں آتے تھے لیکن قادری صاحب شدید بیماری کے باوجود بھی محفلیں اٹینڈ کرتے تھے۔ اپنی موت سے کوئی پانچ ہفتے پہلے ایلڈرِمین مشتاق لاشاری کی ترتیب دی گئی تقریب میں کسی کے سہارے سے چلتے ہوئے آئے اور میرے ساتھ والی کرسی پر بیٹھ گئے۔ کسی دوست نے کولڈ ڈرنک پیش کی تو ہاتھ کے اشارے سے کہا کہ ڈاکٹر نے منع کیا ہے۔ میں نے محبت سے کہا قادری صاحب پی لیجئے تھوڑا سا، ڈاکٹروں کا کیا ہے، قادری صاحب نے میری طرف دیکھا اور کہا، ’’لو بھائی! تم بھی کیا یاد کرو گے پی لیتے ہیں اور ویسے بھی ڈاکٹروں نے مجھے چار سے چھ ہفتوں کا وقت دیا ہے زندگی کا‘‘۔ افسوس کہ بیرسٹر صبغت اللہ قادری کی یہ بات 100فیصد سچ ثابت ہوئی اور وہ چھ ہفتے کے اندر ہی داغِ مفارقت دے گئے۔ پاکستان میں جمہوریت اور بنیادی انسانی آزادیوں کیلئے ان دونوں مرحومین نے ازحد کوششیں کی ہیں، قادری صاحب نے بطور اسٹوڈنٹ اور بطور وکیل جمہوریت کیلئے آواز اٹھانے کے جُرم میں جیلیں بھی بھگتی ہیں بعد ازاں وہ محترمہ بینظیر بھٹو کے ساتھ بھی کام کرتے رہے، یہ بھی کہا جاتا ہے کہ قادری صاحب نے 1973کے آئین کی ڈرافٹنگ میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ خصوصاً آئین کے اندر انسانی حقوق اورخواتین کے حقوق کی شقوں پر خاصا کام کیا۔ 1989میں قانون کے شعبہ میں کار ہائے نمایاں انجام دینے اور کمیونٹی میں انکی بےلوث خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں برطانوی قانون میں اعلیٰ ترین اعزاز حاصل ہوا وہ برطانیہ کے پہلے مسلمان کیوسی (کونیز کونسل) بنا دیے گئے یعنی برطانوی قانون کی ڈگری میں کیوسی ایک سینئر ترین بیر سٹر کو بنایا جاتا ہے۔ بیرسٹر صبغت اللہ قادری کیوسی کے متعلق ان کی موت کے بعد اور ان کی زندگی میں بھی بیشمار پاکستانی و کشمیری ایسے تھے جو انہیں اپنے مسیحا کے روپ میں دیکھتے تھے۔ انہوں نے ایشیائی اور سیاہ فام کمیونٹی کیلئے جدو جہد کی۔ پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کو دہری شہریت کا حق دلوانے میں بھی ان کی انتھک محنت تھی۔ گزشتہ منگل کو لندن میں ان کے جنازے پر بھی بہت سے لوگ یہ کہتے نظر آئے کہ مرحوم نے سینکڑوں ایسے لوگوں سے اپنی فیس بھی نہیں لی تھی جنہیں وہ مستحق سمجھتے تھے اور انہوں نے اپنی ان انسانی کوششوں میں تاحیات کمی نہیں آنے دی، یہ دونوں صاحبان یاروں کے یار اور لندن کی محفلوں کی جان تھے، واجد شمس الحسن کا انتقال ہوا تو بیرسٹر قادری بچوں کی طرح روئے تھے، چند ہفتے قبل جب میری ان سے آخری ملاقات ہوئی تو یہ بات خود انہوں نے مجھے بتائی تھی، اسی طرح لندن کے ایک ممتاز بزنس مین اکرام خان جو خود بھی گزشتہ تین سال سے صاحب فراش ہیں، یہ بھی 1960کی دہائی میں پاکستان سے آ کر لندن مقیم ہوئے تھے، قادری صاحب کے انتقال کی خبر پر مجھے انہوں نے فون پر جو آڈیو مسیج بھیجاوہ بھی انتہائی دلخراش ہے جس میں وہ پھوٹ پھوٹ کر رو رہے ہیں کہ قادری اگر میں تندرست ہوتا تو تمہارے جنازے پر آتا اور پھولوں کے ساتھ تمہیں رخصت کرتا !

زندگی کا سفر تو سبھی کا ختم ہونا ہے لیکن دوست احباب کے بےبدل خزینے میں سے کوئی انمول موتی نکل کر سفر آخرت کی مٹی کی نذر ہو جائے تو کرب و غم کی لہر تو دوڑ ہی جاتی ہے۔ لندن میں ہونے والی یہ دو اموات بھی ایسا ہی ایک دکھ ہے جو برطانیہ میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے مشترکہ طور پر محسوس کیا ہے اور آج ان دونوں نا بغہ روز گار شخصیات کو مٹی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، افسوس!

تازہ ترین