جڑانوالہ سے لاہور جانے والی ٹرین باہڑیانوالہ کے قریب پھاٹک نہ ہونے کے سبب اسکول وین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 3 طالبات جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئیں۔
ریسکیو 1122کے اہلکاروں اور مقامی افراد نے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال شیخوپورہ میں منتقل کر دیا جہاں 2 طالبات کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اس روٹ پر دو سال بعد ٹرین سروس بحال ہوئی تھی،حادثے والی جگہ پر کوئی پھاٹک نہیں تھا، ضلعی انتظامیہ نےعارضی کراسنگ بنا رکھی تھی،جبکہ اہلکار ریلوے کراسنگ پر تعینات نہیں تھا۔
حادثے کے فوی بعد اسکول وین کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، اہل علاقہ نے جائے حادثے پر مظاہر ہ کرکے حادثے کا سبب بننے والی ٹرین کو روک لیا۔
ڈی ایچ کیو اسپتال شیخوپورہ کے ایم ایس ڈاکٹر محمد عمران نے بتایا کہ اسپتال میں ایک لاش لائی گئی، جبکہ حادثے کی زخمی 2 طالبہ اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حادثے میں موقع پر فرسٹ ایئر کی 17 سالہ طالبہ نورین دختر اشرف جاں بحق ہوئی۔
حادثے میں 10زخمی طالبات میں سے 2 دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گئی ہیں جبکہ 9 زخمی طالبات کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
ٹریفک حادثہ کی اطلاع ملتے ہی،ضلعی انتطامیہ، ریسکیوانچارج انجینئر رانا محمد اعجاز، ڈی ایس پی جاوید اور ایس ایچ او بھکھی سلیم اختر نیازی جائے حادثہ پر پہنچ گئے جہاں پر لواحقین اور ورثا دھاڑے مار مار کر رو رہے ہیں ۔
واضح رہے کہ حادثےکا شکار ہونے والی ویگن میں سپیریئر کالج، آئیڈیک کالج اور پیر بہار شاہ گورنمنٹ کالج کی طالبات موجود تھیں۔