ڈہرکی کے قریب سرسید ایکسپریس اور ملت ایکسپریس میں تصادم کے باعث 30 افراد جاں بحق اور درجنوں مسافر زخمی ہوگئے۔
شدید زخمی مسافروں کواسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ایک بوگی میں پھنسے مسافروں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جبکہ سرسید ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی جارہی تھی۔ حادثے کے بعد ملت ایکسپریس کی 8 اور سرسید ایکسپریس کی انجن سمیت 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جبکہ کچھ بوگیاں کھائی میں جاگریں۔
حادثے کے بعد اپ اور ڈاؤن ٹریکس پر ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔
ڈی ایس ریلوے سکھر طارق لطیف کا کہنا ہے کہ ایک ماہ قبل تحریری طور پر حکام کو آگاہ کر دیا تھا کہ سکھر ڈویژن میں 13 مقامات پر ٹریک کی حالت ٹھیک نہیں، ان 13 مقامات میں جائے حادثہ کا مقام بھی شامل ہے۔