• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک، بھارت عوام کے دل میں ایک دوسرے کےلیے پیار ہے، چرن جیت سنگھ



بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرن جیت سنگھ کہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے  عوام کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے بہت پیار محبت ہے۔ ہمسایہ ممالک کا پیار خطے میں پائیدار امن کا باعث بنے گا۔

بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرن جیت سنگھ کابینہ ارکان کے ہمراہ کرتار پور راہداری کے راستے گردوارا دربار صاحب پہنچے تو ڈھول کی تھاپ پر ان کا استقبال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ اور ان کی اہلیہ نے کرتار پور کی سرزمین پر قدم رکھتے ہی ماتھا ٹیکا۔

ان کا کہنا تھا کہ بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے آئے ہیں، پاک بھارت دوستی اور بھائی چارے سے ہی خطے میں امن قائم ہو گا۔

وزیر اعلیٰ چرن جیت سنگھ نےدربار صاحب پر حاضری دی، اپنے مختصر خطاب میں انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کرتار پور راہداری کھولنے اور گردوارہ بابا گرونانک کے توسیعی منصوبے کی تعریف کی ۔

ان کا کہنا تھا کہ سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگ حکومت پاکستان کے اقدامات کے مشکور ہیں۔

بھارتی وزیر اعلیٰ نے لنگر ہال میں اپنی کابینہ اور فیملی ممبران کے ساتھ کھانا کھایا، مہمانوں کی دال چاول، سبزی، روٹی اور میٹھے چاولوں سے تواضع کی گئی۔

بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہیں۔ بابا گرونانک نے ہمیشہ امن پیار اور بھائی چارے کا درس دیا۔

تازہ ترین