اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،تاریخ اور جغرافیائی سیاست کے اس اہم موڑ پر ، ہم امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو وسعت دینے کے متمنی ہیں ۔افغانستان میں صورتحال مسلسل تبدیل ہو رہی ہے۔یہ بات انہوں نے یو ایس انسٹیٹیوٹ آف پیس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکا کے مابین دو طرفہ تعلقات ،افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناء شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے تناظر میں ایک بانی رکن کے طور پر ڈیجیٹل تعاون تنظیم (ڈی سی او) کو ایک اہم پلیٹ فارم سمجھتا اور سعودی عرب کی طرف سے تجویز کردہ، ڈی سی او کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔یہ بات انہوں نے ڈی سی او کی سیکرٹری جنرل دیمے ال یحییٰ سے گفتگو میں کہی جنہوں نے جمعرات کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔