• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ کا مردان میں جعلی ادویات کے کاروبار کی شکایات کا نوٹس

پشاور(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے مردان میں جعلی ادویات کے کاروبار کے بارے میں شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کرنے اوراس گھنائونے کام میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے تبادلے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ یہ ہدایات اُنہوں نے مردان چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے ایک نمائندہ وفد کی شکایت پرجاری کیں ۔ وفد نے چیمبر کے صدر احسان باچا کی قیادت میں ان سے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں ملاقات کی ۔ اس موقع پرصوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف او ر ڈی سی مردان عمران حامد بھی موجود تھے۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو سمال چیمبر آف کامرس کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا اس سے قبل مردان ممبر آف وومن ٹریڈرز کے وفد نے بھی عنبرین ہوتی کی قیادت میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی دونوں وفود نے وزیراعلیٰ سے چیمبر آف کامرس کی زیر تعمیر عمارت میں اپنے اپنے چیمبرز کیلئے مناسب جگہ متعین کرانے کی درخواست کی وزیراعلیٰ نے ڈی سی مردان کو مسئلے کے اطمینان بخش حل کیلئے اقدامات کا حکم دیتے ہوئے چیمبر کی زیر تعمیر عمارت کی تحقیقات کرنے اور عمارت کو مکمل کرنے کیلئے PC-1 پیش کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے عمارت کو مکمل کرنے اور اسکی مناسب آرائش کرنے کیلئے فنڈز مہیا کرنے کا یقین دلایا ۔وزیراعلیٰ نے وفد کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے مردان میں واٹر اینڈ سینٹیشن کمپنی بنائی ہے جبکہ مردان کی خوبصورتی کیلئے فنڈز بھی مہیا کئے گئے ہیں انہوں نے علاقے کے پارکوں کو درختوں اور پھولوں سے سجانے کی ہدایت کی۔ اسی طرح اُنہوں نے وفد کو بتایا کہ مردان میڈیکل کمپلیکس کیلئے خود مختار بورڈ تشکیل دیا گیا ہے تاکہ صحت کی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے ۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سکولوں میں سہولیات کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بھی فنڈز جاری کئے گئے ہیں وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت صوبے میں بدعنوان عناصر کے خلاف ٹھوس اقدامات اُٹھا رہی ہے انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ بدعنوان عناصر کے خلاف گواہی دے کر حکومت کے ساتھ بد عنوانی کے خاتمے میں مدد کریں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم اور کمپلینٹ سیل بھرپور انداز میں بدعنوانی کے خلاف سرگرم عمل ہے ۔ وفد نے موجودہ حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے حکومت کو بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔
تازہ ترین