پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت کم ہو رہی ہے، کورونا وائرس کے کیسز کے بعد اب اموات میں بھی کمی آنے لگی ہے، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 33 ویں نمبر پر ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 319 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 7 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 331 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 0 اعشاریہ 81 فیصد پر آ گئی۔
پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 655 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 81 ہزار 559 ہو چکی ہے۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 22 ہزار 479 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1 ہزار 77 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 30 ہزار 425 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 39 ہزار 200 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 16 لاکھ 4 ہزار 940 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 15 ہزار 19 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کُل 12 کروڑ 4 لاکھ 48 ہزار 598 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 4 کروڑ 90 لاکھ 10 ہزار 906 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 73 ہزار 918 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 611 ہو گئیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 4 لاکھ 42 ہزار 353 مریض پورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 12 ہزار 994 ہو چکی ہیں۔
خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 79 ہزار 473 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 5 ہزار 814 ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 لاکھ 7 ہزار 447 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 951 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 34 ہزار 530 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 741 مریض وفات پا چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 33 ہزار 432 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 358 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
گِلگت بلتستان میں 10 ہزار 406 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 186 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔