ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ملازمین کے اکاؤنٹ میں 16 ارب روپے آئے، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کے ٹھوس ثبوت حاصل کرلیے ہیں۔
اپنے بیان میں حسان خاور نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ نے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کرکے خاندان کا نام ’روشن‘ کیا۔
حسان خاور نے کہا کہ شہباز شریف جواب دیں ایک بھٹی سے اربوں روپے کی بزنس ایمپائر کیسے کھڑی کی، شریف خاندان نے پاکستان کی سیاست کو کرپشن زدہ کر کے اپنا اُلّو سیدھا کیا۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ نام نہاد خادم اعلیٰ نے کک بیکس اور کمیشن کے ذریعے اربوں روپے حاصل کیے، سیاست کو کرپشن کے ذریعہ آلودہ کرنے والے خاندانوں میں شریف خاندان کا نام سرفہرست ہے۔
حسان خاور نے کہا کہ کیا پاکستان میں کوئی ایسا کاروبار ہے جو ایک سو گنا تیزی سے ترقی کرتا ہو، چوری اور سینہ زوری شہباز شریف اور ان کے خاندان کی عادت ہے۔