کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں گیس کی قلت پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ عوام کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں جبکہ وفاقی وزراء گیس بحران کے حل کے بجائے مناظروں کے چیلنج میں مصروف ہیں، عمران خان مسلسل بحرانوں کو جنم دے کر عوام کیلئے مشکلات پیدا کررہے ہیں،گیس بحران سمیت دیگر عوامی مسائل سے نجات کا واحد حل پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ہے۔اتوارکو بلاول ہائوس میڈیا سیل سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عمران خان گیس بحران کی وجہ سے ایک وقت کے کھانے کیلئے دربدر شہریوں سے معافی مانگیں۔گیس بحران پر وزیراعظم عوام سے معافی مانگیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکومت بروقت ایل این جی منگوالیتی تو آج یوں ملک میں گیس کی قلت نہ ہوتی۔