کراچی (اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز) پاکستانی جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ دانش کلیم نے کہا ہے کہ جونیئر ہاکی ورلڈکپ سے قبل دونوں پریکٹس میچ میں کامیابی سے کھلاڑیوں کا مورال ہائی ہوا ہے۔ پریکٹس میچز میں کامیابی سے کھلاڑیوں کی بھرپور تیاریوں کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ جرمنی کے خلاف پہلا میچ بہت اہم ہوگا اس میچ کی بھرپور تیاری کی ہے ۔ اٹیکنگ ہاکی کھیلیں گے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی یہاں سے اوپر جائے گی۔ دریں اثنا ٹیم کے کپتان رانا وحید میگا ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کیلئے پرعزم ہیں۔ورچوئل پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ہماری کارکردگی پوری دنیا کو حیران کردے گی۔ پاکستان میں حکومت اور ہاکی فیڈریشن کھیل کی ترقی کیلئے مخلصانہ محنت کررہے ہیں، آئندہ ایک یا دو سال میں ان کے نتائج سامنے آنا شروع ہوجائیں گے۔اس ٹورنامنٹ میں آپ پاکستان ہاکی میں تبدیلی دیکھیں گے۔ ہم ایک یونٹ کی طرح کھیل رہے ہیں، ٹیم میں فیملی جیسا ماحول ہے۔