برسلز ( نمائندہ جنگ ) پاکستان پیپلز پارٹی یورپ و بلجیم کے رہنما ملک وسیم اختر نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری کی صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری پیپلز پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی پارٹی اور کارکنان کے لیے خدمات قابل تحسین ہیں۔انہوں نے ہر مشکل وقت میں کارکنان کی حوصلہ افزائی اور پارٹی کو متحرک کیا،ان کی صحت کی خرابی پر جیالوں میں تشویش پائی جاتی ہے اوروہ ان کی جلد صحت کے لیے دعا گو ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی سنٹر برسلز میں چیئرمین پی پی پی کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کا اہتمام کیا جائے گا ،اسی طرح برطانیہ میں بھی یہ سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ہم چاہتے ہیں کہ قائد جمہوریت جلد صحتیاب ہو کر پاکستان کو مشکلات سے چھٹکارا دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کر یں ، اس مشکل وقت میں پاکستان کو پی پی پی کی ضرورت ہے ،پی ٹی آئی نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے، ان حالات میں ہر پاکستانی آصف زرداری کی راہ دیکھ رہا ہے جو پاکستان کو درست راستے پر چلا اور غریب کا سہارا بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان فی الفور مستعفی ہوں اور انتخابات کا اعلان کریں تاکہ ایک صاف شفاف نئی حکومت کا قیام عمل میں آئے۔