• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاداب نے شاہنواز دھانی کو ٹیم کا ’وزیر خارجہ‘ کیوں کہا؟

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے گزشتہ روز ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کو ٹیم کا وزیر خارجہ قرار دے دیا۔

بنگلادیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی کے بعد شاداب خان نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر قومی ٹیم اور شاہنواز دھانی کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا۔

شاداب خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’الحمداللّہ! ہم سیریز جیت گئے، بہترین میزبانی کے لیے بنگلا دیش کا شکریہ، یہ ایک ناقابل یقین تجربہ تھا۔‘

قومی کرکٹر نے لکھا کہ ’ہماری ٹیم کے وزیر خارجہ شاہنواز دھانی کو ان کے ڈیبیو پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، دُعا ہے کہ آپ مسکراتے رہیں اور اپنی کرکٹ سے لطف اندوز ہوتے رہیں۔‘

شاداب خان کے ٹوئٹ پر ردّعمل دیتے ہوئے شاہنواز دھانی نے اُن کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی اُنہیں ٹیم کا وزیر خارجہ کہنے کی وجہ بھی پوچھی۔

شاہنواز دھانی کے پوچھنے پر شاداب خان نے کہا کہ ’جس طرح آپ نے ہر جگہ ہماری ٹیم کی ہر جگہ نمائندگی کی ہے اور بین الاقوامی کرکٹرز اور ٹیموں کے ساتھ اسپورٹنگ اسپرٹ دِکھائی ہے تو آپ ہمارے دلوں کے وزیرِ خارجہ ہیں۔‘

واضح رہے کہ پاکستان نے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو شکست دے کر حریف کو سیریز میں وائٹ واش کردیا۔

میچ میں عمدہ کارکردگی پر حیدر علی کو پلیئر آف دی میچ جبکہ محمد رضوان کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

 قومی ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے اپنے پہلے ہی اوور کی تیسری بال پر وکٹ لے کر ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں اپنی وکٹوں کا کھاتہ کھولا۔

تازہ ترین