سکھر(بیورو رپورٹ)بچل شاہ میانی کے رہائشی خروس برادری کے افراد نے منتخب نمائندوں کی جانب سے علاقے میں ترقیاتی کام نہ کرائے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ،مظاہرے کی قیادت حبیب اللہ خروس، حسین بخش خروس ودیگر نے کی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ بچل شاہ میانی کو سکھر کے منتخب نمائندوں نے گزشتہ 20برسوں سے نظر انداز کر رکھا ہے، علاقے میں بیس، بیس گھنٹے بجلی بند رہتی ہے، پانی کا بحران ہے، گندگی اور سیوریج کے پانی نے لوگوں کوپریشان کررکھا ہے، ترقیاتی کام نہ ہونے کے باعث علاقے کےعوام مسائل سے دوچارہیں۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں ترقیاتی کام کرائے جائیں اور علاقے کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔