پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت کم ہو رہی ہے، کورونا وائرس کے کیسز کے بعد اب اموات میں بھی کمی آنے لگی ہے، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 33 ویں نمبر پر ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 315 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 5 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 8 ہزار 10 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 0 اعشاریہ 89 فیصد پر آ گئی۔
پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 668 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 82 ہزار 510 ہو چکی ہے۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 14 ہزار 862 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1 ہزار 26 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 38 ہزار 980 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 35 ہزار 332 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 17 لاکھ 17 ہزار 637 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 74 ہزار 407 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 611 ہو گئیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 4 لاکھ 42 ہزار 556 مریض پورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 13 ہزار 2 ہو چکی ہیں۔
خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 79 ہزار 644 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 5 ہزار 818 ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 لاکھ 7 ہزار 506 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 952 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 34 ہزار 536 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 741 مریض وفات پا چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 33 ہزار 453 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 358 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
گِلگت بلتستان میں 10 ہزار 408 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 186 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔