کراچی (ٹی وی رپورٹ) سپریم کورٹ بار نے کسی ایجنڈے کے تحت عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے انعقاد کا الزام مسترد کردیا۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نےعاصمہ جہانگیر کانفرنس سے متعلق وضاحتی اعلامیہ جاری کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ بار کانفرنس کے مقررین کے نقطہ نظرکی توثیق نہیں کرتی، فورم ملک کے قومی مسائل پر باہمی نقطہ نظرکیلئے مختص ہے، سپریم کورٹ بارکسی ایجنڈے کےتحت کانفرنس کے انعقاد کےالزام کو مستردکرتی ہے،کانفرنس کے انعقاد کا مقصد ترقی یافتہ اور جمہوری پاکستان ہے۔سپریم کورٹ بارکا کہنا ہےکہ جمہوری ترقی کیلئے اظہار رائےکی آزادی بنیادی جزو ہے، عدلیہ، وکلا اور انسانی حقوق کیلئے متحرک نمائندگان کو کانفرنس میں نقطہ نظرپیش کرنےکا موقع دیا گیا۔ بارایسوسی ایشن نےصحافیوں، حکومت اور اپوزیشن میں بات کرنےکیلئے پل کا کردار ادا کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ سپریم کورٹ بارکسی کو بے بنیاد الزامات لگانے کی اجازت نہیں دے سکتی، ملکی ترقی کیلئے قانون کی حکمرانی، شفاف ٹرائل اور آئین پاکستان ہی واحدذریعہ ہیں۔ سپریم کورٹ بار کا کہنا ہےکہ کانفرنس میں کسی شخص کو بلا کر موقع نہیں دیا گیا کہ وہ قانون کی خلاف ورزی کرے، پیمرا نے مخصوص مقررین کی تقریرکی نشریات پر پابندی لگائی، مجموعی طور پر عوامی خطابات پر ان افراد پرکوئی قدغن نہیں ہے۔