قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ’لوٹو اور پھوٹو ‘ کے اصول پر چل رہی ہے، یہ حکومت تو چلی جائے گی لیکن معاشی دلدل سے نکلنا آسان نہیں ہوگا۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یکم دسمبر سے مہنگائی کا نیا بم پھینکنے کی تیاری غریبوں پر ظلم ہے، حکومت غریبوں کو کنگال اور ملکی معیشت کو برباد کرچکی۔
شہباز شریف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ گیس ہے نہ بجلی، آٹا چینی گھی ہر چیز مہنگی لیکن قرض پھر بھی بڑھتا جارہا ہے، حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پر پاکستان کی معاشی خودمختاری گروی رکھ دی ہے۔
ادھر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے بھی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو مہنگائی، غربت کے ساتھ ڈینگی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ ڈینگی وائرس سے متعلق حکومتی ڈیٹا ناقابل اعتبار ہے۔