اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ پی ڈی ایم میڈیا میڈیا اور ویڈیو ویڈیو کھیل رہی ہے،پی ڈی ایم کے تلوں میں تیل نہیں ہے ، اپوزیشن سے ٹرین چھوٹ چکی ہے
عمران خان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں مقبول ہیں، ابھینندن کو ایسا ہی ایوارڈ ملا ہے جیسا اپوزیشن کو ملا ہے، ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہے ، ہر آدمی پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے،آئندہ الیکشن کو شفاف بنانے کے لئے ووٹ لسٹ پر ووٹر کی تصویر بھی شائع ہو گی۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ نے بدھ کو نادرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں "پاکستان آن لائن ویزا سسٹم" کو جدید تقاضوں کے مطابق استوارکرنے کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔قبل ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے "پاکستان آن لائن ویزا سسٹم" کو جدید تقاضوں کے مطابق استوارکرنے کا افتتاح کیا۔
یہ سسٹم مارچ 2019 میں متعارف کرایا گیا تھا۔ موجودہ حالات کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس سہولت کو سمارٹ فون اور ٹیبلٹ کے ذریعے استعمال کرنے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔
سسٹم اپ گریڈ کے بعد پاکستان آن لائن ویزا سسٹم میں نئی کیٹیگریز شامل کی گئی ہیں جن میں میڈیکل ٹورزم، سی پیک ویزا، زائرین کے لئے پلگرم ویزا، کوہ پیمائی اور ٹریکنگ کے لئے ویزاقابل ذکر ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ بزنس ویزا پالیسی کو ازسرنو تشکیل دیا گیا ہے جس کے بعد اب یہ ویزا 24 گھنٹے کے اندر حاصل کیا جا سکتا ہے۔
نادرا نے پاکستان آن لائن ویزا سسٹم کے ذریعے ویزا درخواست کی تمام تر کارروائی کو ٹیکنالوجی کے جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے دنیا بھر سے درخواست گذاروں کے لئے آسانی اور سہولت پیدا کردی ہے۔