لاہور(نمائندہ جنگ) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اسپیشل کمیٹی نمبر 11 کے خصوصی اجلاس میں ارکان اسمبلی کے بارے میں سوشل میڈیا پر تضحیک آمیز مواد کا ایشو زیر بحث آیا ۔ چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ جعلی اور تضحیک آمیز مواد کی اشاعت کے خلاف بروقت اور سخت کارروائی نہ کی گئی تو پنجاب اسمبلی اور ارکان کی ساکھ متاثرہو گی۔ چوہدری پرویزالہیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اس امر کی روک تھام اور ضابطہ اخلاق متعین کرنے کیلئے موثر اقدامات کریں اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس میں موجود ایف آئی اے و دیگر اداروں کے حکام نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو یقین دہانی کرائی کہ اس مذموم سلسلے کی روک تھام کیلئے جلد از جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔