• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابر اعظم کی نظریں بنگلہ دیش کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ پر مرکوز

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بنگلہ دیش کو ٹی ٹوئینٹی سیریز میں وائٹ واش کرنے کے بعد بابر اعظم کی نظریں اب ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ پر مرکوز ہیں۔بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان دو ٹیسٹ کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ جمعے کی صبح نو بجےسے چوہدری ظہور اسٹیڈیم چٹا گانگ میں کھیلا جائے گا۔ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔توقع ہے کہ پاکستان تجربہ کار امام الحق کی جگہ عبداللہ شفیق کو ٹیسٹ کیپ دے گا ۔22سالہ عبداللہ شفیق نے اس سال دو فرسٹ کلاس نچریاں بنائیں ہیں جبکہ امام الحق قائد اعظم ٹرافی میں488رنز بناکر عمران بٹ کی جگہ ٹیم میں آئے ہیں۔پاکستانی اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق کے ساتھ عابد علی کریں گے۔پاکستان نے اپنی ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی،حسن علی اور فہیم اشرف پر مشتمل پیس اٹیک کا اعلان کیا ہے۔محمد عباس اور لیگ اسپنر زاہد محمود ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔اسپین بولنگ کی ذمے داریاں آف اسپنر ساجد خان اور لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی انجام دیں گے۔پہلے ٹیسٹ کیلئے پاکستان کے 12 رکنی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان محمد رضوان کے علاوہ عبداللّٰہ شفیق،عابد علی، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حسن علی، امام الحق، نعمان علی، ساجد خان اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کا فاتحانہ آغازکرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ مسلسل وائٹ بال کھیلتے ہوئے آرہے ہیں۔ ٹیسٹ موڈ میں آنا بھی ایک چیلنج ہوگا۔ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد تیاری کا زیادہ وقت نہیں ملا۔ بابراعظم نے کہا کہ پاکستان سے آنے والے ڈومیسٹک کھیل کر آرہے ہیں، دیگر بھی جتنی جلد مطابقت پیدا کر لیں بہتر ہوگا۔میزبان ٹیم ہوم کنڈیشنز ہیں میزبان کھلاڑی سینئر ہوں یا جونیئر ان سے اچھی طرح واقف ہیں۔ہمیں کنڈیشنز کو سمجھنا اور پرفارم کرنا ہے۔بنگلہ دیشی ٹیم سخت جان حریف ثابت ہوگی۔ہمیں ٹیسٹ کرکٹ کے مزاج کو پیش نظر رکھتے ہوئے تحمل سے کھیلنا ہوگا۔

تازہ ترین