• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رزمک اور میر علی ہسپتالوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی منصوبے کی منظوری

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری محمد اقبال وزیر نے کہا ہے کہ ضم اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔ پانی، بجلی اور سڑکوں کی تعمیر سمیت کئی دیگر عوامی فلاحی منصوبے مکمل اور کئی پر کام جاری ہے۔ صوبائی حکومت ضم اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ رزمک اور میرعلی کے ہسپتالوں کے لیے بجلی کی ایکسپریس لائن بچھانے کی سکیم کی منظوری کے موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اس سے رزمک اور میرعلی کے دونوں کیٹیگری ڈی ہسپتالوں کو 24/7 بجلی فراہمی یقینی ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر 300 ملین روپے خرچ ہوں گے۔ ایکسپریس لائن بچھانے پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ اس سے علاقے کے رہائشیوں اور ہسپتال میں علاج معالجے کے لیے آنے والے شہریوں کو سہولت میسر آئے گی۔ بجلی کی کمی یا فراہمی میں تعطل کی وجہ سے صحت سہولیات کی دستیابی میں تعطل ختم ہو جائے گا۔ ضم اضلاع میں بجلی فراہمی کے کئی دیگر منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ اقبال وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت ضم اضلاع کی ترقی اور عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ضم اضلاع خصوصاً شمالی وزیرستان میں سڑکوں کی تعمیر کے بھی بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے جس سے نہ صرف تجارت اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا بلکہ شہریوں کو آمد و رفت میں آسانی میسر آئے گی۔
تازہ ترین