کراچی (نیوز ڈیسک)ساہیوال جیل میں قید امریکی جاسوس شکیل آفریدی کے اہلخانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ جیل میں بیمار ہیں۔
القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں رہائش گاہ کی نشان دہی میں امریکی خفیہ اداروں کی مبینہ مدد کے الزام میں قید ڈاکٹر شکیل آفریدی کے اہلِ خانہ کا دعویٰ ہے کہ ان کی صحت نازک ہے جب کہ جیل میں انہیں مبینہ طور پر علاج کی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔
ڈاکٹر شکیل آفریدی کے بھائی جمیل آفریدی نے غیر ملکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں کہا کہ ان کے بھائی پنجاب کی ساہیوال جیل میں قید ہیں۔
ان کو متعدد بیماریوں کا سامنا ہے جن میں سرِ فہرست دانتوں کا عارضہ ہے جس کے باعث وہ کھانا ٹھیک سے نہیں کھا سکتے۔ اسی طرح ان کو جلد کی بیماری اور دیگر امراض بھی ہیں۔