تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: سائرہ چوہدری
ملبوسات: Dar Sons
آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر
کوآرڈی نیشن: وسیم ملک
عکّاسی: ایم کاشف
لے آؤٹ: نوید رشید
گلزار کا ایک شعر ہے؎’’آپ کے بعد ہر گھڑی ہم نے …آپ کے ساتھ ہی گزاری ہے‘‘۔واقعی بعض شخصیات اتنی پیاری ، دِل نشین ہوتی ہیں کہ ان کےجانےکے بعد بھی خواب و خیال کی دُنیا میں ان ہی کے ساتھ وقت گزرتا ہے۔ ویسے یہ خیالوں کی دُنیابھی بڑےکمال کی ہے کہ جس میں داخلے کے لیے نہ تو کوئی ویزادرکار ہے، نہ ہی وسائل زیرِ بحث آتے ہیں ۔ بس آنکھیں مُوندیں اور اُس نگری پہنچ گئے۔ ویسے اگر آپ بھی ایک دِل نشین، سحر انگیز شخصیت بننے کی خواہش مند ہیں،تو وقتاً فوقتاً خود کو نت نئے انداز میں ڈھالتی رہیں تاکہ مَن میت کو ہر بار نہ صرف پہلے سے کہیں زیادہ پیاری لگیں، بلکہ آپ کی غیر موجودگی بھی موجودگی کا احساس دلائے رکھے۔ اور آج ہم نے اپنی بزم بھی ایسے ہی کچھ حسین و دِل کش پہناووں سے مرصّع کی ہے، جو روٹین سے تھوڑے ہٹ کے ہیں۔
ذرا دیکھیے،سُرخ و سفید کے سدا بہار امتزاج میں پیراہن کس قدر بھلا معلوم ہورہا ہے۔ سفید رنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ سُرخ رنگ قمیص ہے، جس پر سفید دھاگے اور شیشے کا کام کیا گیا ہے، تو نیوی بلیو رنگ سیلف پرنٹڈ زری اور ستارہ ورک سے آراستہ قمیص اور ٹراؤز کی دِل کشی و رعنائی بھی کچھ کم نہیں۔ پھر ایک جانب سیاہ ٹراؤزر کے ساتھ پستئی رنگ ایمبرائڈرڈ قمیص اچھی لگ رہی ہے، تو دوسری جانب ٹیل رنگ قمیص ،جس پرموتی ٹانکے سے بےحد حسین ایمبرائڈری کی گئی ہےخوش گوار تاثر دے رہی ہے۔ جب کہ براؤن شیڈ میں تھریڈ ورک سے آراستہ پیپلم بھی اپنی مثال آپ ہے۔
ان حسین، جاذبِ نظر ملبوسات میں سے کوئی سا بھی زیبِ تن کردیکھیں،آس پاس سے یہی اِک صدا سُنائی دے گی؎حسینانِ چمن پر خاتمہ ہے جامہ زیبی کا۔