• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کی ترکیہ کے ہمراہ حزب اللّٰہ کو غیر مسلح کرنے کی تجویز کی تردید

امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگٹ — فائل فوٹو
امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگٹ — فائل فوٹو

امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگٹ نے کہا ہے کہ حزب اللّٰہ کو غیر مسلح کرنے کے لیے امریکا اور ترکیہ کی کوئی مشترکہ تجویز موجود نہیں، نہ ہی امریکا لبنان کی سیاست کے ڈھانچے میں تبدیلی کی کسی تجویز کی حمایت کر رہا ہے۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکا لبنان کی سیاست کے اس نظام میں تبدیلی کا حامی نہیں جو 1990ء میں 15 سالہ خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے طے پانے والے طائف معاہدے کے تحت قائم ہوا تھا۔

ٹومی پگٹ نے اسرائیل، لبنان اور امریکا کے درمیان جون میں طے پانے والے سہ فریقی فریم ورک معاہدے سے امریکی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد تنازعات کا سلسلہ ہمیشہ کے لیے ختم کرنا ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیل، امریکا اور لبنان کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے اہم مقاصد میں لبنان کی خود مختاری بحال کرنا، حزب اللّٰہ کو غیر مسلح کرنا اور لبنان سے اسرائیلی فوج کا مرحلہ وار انخلاء یقینی بنانا شامل ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید