امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو مزید امریکی حملوں کی دھمکی دے دی۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ کا آغاز سابق امریکی صدور کو بہت پہلے کر دینا چاہیے تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ امریکا نے ایران کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے اور وہ مزید کارروائی بھی کر سکتا ہے۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف کارروائی کی سیاسی قیمت سے میں ابتداء ہی سے آگاہ تھا لیکن میرے نزدیک تہران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات نہیں ہو رہے، تاہم کسی نہ کسی صورت میں جلد کچھ نہ کچھ ہو گا۔
امریکی صدر کے بیان سے ایران کے خلاف دوبارہ حملوں کا امکان دوبارہ زیرِ بحث آ گیا ہے۔