اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ دیانتدار وزیراعظم کی بدولت پاکستا ن ترقی کر رہا ہے ۔ ترقیاتی منصوبوں پر کام اس لیے ممکن ہوا کیونکہ ہماری حکومت میں کرپشن نہیں ہو رہی، اسلام آ باد کے شہریوں کے لیے نوکریوں میں 50فیصدکوٹہ بحال کرا دیا ہے ، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ڈبلیو ڈی انٹر چینج کے افتتاح کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی داخلہ کے چیئرمین راجہ خرم نواز نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 100 نئے ٹیوب ویل لگ رہے ہیں، جبکہ اسلام آباد کے لیے 100 ایم جی ڈی پانی کا منصوبہ 6 ماہ میں شروع ہو جائے گا، آئندہ سال مہنگائی پر قابو پا لیں گے ۔ ہماری کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک ترقی کر رہا ہے ۔ حلقہ این اے 53 سے ایم این اے علی نواز اعوان نے کہا پی ٹی آئی کی حکومت اپنے تمام وعدے پورے کر رہی ہے ،صحت کارڈ سے غریب اور متوسط طبقے کے لوگ ہی مستفید ہو ں گے ۔