• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایتھوپیا کا حملہ،21 سوڈانی فوجی ہلاک

خرطوم(نیٹ نیوز)سوڈان اور ایتھوپیا کی متنازع سرحد الفشاقہ میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان مسلح جھڑپ میں21اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈانی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایتھوپیا کی فوج نے مقامی ملیشیا کے ہمراہ فصلوں کی حفاظت پر مامور سوڈانی فوج کے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ ترجمان نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ ایتھوپیائی فوج کی فائرنگ سے ہمارے 21اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ فصلیں تباہ ہوگئیں۔سوڈانی فوج کے ترجمان کے مطابق ایتھوپیا کی فوج نے یہ حملہ کسانوں کو ڈرانے اور فصل کی کٹائی کے موسم کو خراب کرنے کیلئے کیا۔ جوابی کارروائی میں ایتھوپیا کی افواج کا بھی جانی نقصان ہوا۔ ایتھوپیا کی جانب سے سوڈان کے اس الزام کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔واضح رہے کہ الفشاقہ کی سرحد پر ایتھوپیا کے کسانوں کی فصلیں ہیں تاہم سوڈان کا دعویٰ ہے کہ یہ فصلیں ان کی حدود میں ہیں جس پر دونوں ممالک کے درمیان تنازع چلتا آرہا ہے۔

دنیا بھر سے سے مزید