• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیروزگار نوجوانوں کا اسلام آباد D چوک پر دھرنا، حکومت غریبوں کیلئے موت کا پیغام بن گئی،سراج الحق

حکومت غریبوں کیلئے موت کا پیغام بن گئی،سراج الحق


اسلام آباد(نمائندہ جنگ/ جنگ نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت غریبوں کیلئے موت کا پیغام بن گئی ہے، PTIدور میں چینی ،آٹا، پٹرول،LNGسکینڈلز میں 800ارب لوٹے گئے،ہم کرپشن فری ملک بنا سکتے ہیں، ایوانوں میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے ایجنٹ بیٹھے ہیں، پی ٹی آئی جلسوں میں "گو عمران گو عمران" کے نعرے لگ رہے ہیں،اگلی بار نوجوان گھر والوں کو ساتھ لیکر ڈی چوک آئیں،نوجوانوں کے مسائل کاحل ڈگریاں جلانا نہیں بلکہ ظالم حکمرانوں کو ایوانوں سے نکالنا ہے،بعدا زاں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے دھرناختم کرنیکا اعلان کردیا۔بے روزگارنوجوانوں نے اسلام آبادڈی چوک پر دھرنا دیا اور نوجوانوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے جانے کی کوشش بھی کی،دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ قوم پر مسلط حکمران اسٹیبلشمنٹ کی نرسریوں کی پیداوار اور سامراج کے ایجنٹ ہیں، موجودہ اور سابقہ حکومتیں اسٹیبلشمنٹ کی پشت پناہی سے اقتدار میں آئیں۔ آج ملک بھر سے ”نو وزیراعظم، گو وزیراعظم“ کی صدائیں بلند ہورہی ہیں، وقت قریب ہے جب قوم کے مجرم نواز شریف اور خان صاحب لندن کے کرکٹ گراؤنڈ میں اکھٹے ہو جائیں گے ،حکمران بلوچستان کے عوام کو ان کا حق دیں۔ کراچی میں نسلہ ٹاور کے متاثرین اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ اسلام آباد میں بے روزگار نوجوانوں کا مارچ اپنے حقوق کے لیے جنگ کا آغاز ہے۔ یوتھ تیار ہوجائے، ملک کی تقدیر بدلنے کا وقت آگیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں بے روزگار نوجوانوں کے احتجاجی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایمبیسی روڈ پر ہونے والے مارچ میں ملک بھر سے ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی۔ احتجاج میں شریک نوجوانوں نے وزیراعظم کو ان کا ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ یاد دلایا اور روزگار طلب کیا۔شرکائے مارچ نے جھنڈے اور بینرز اٹھا کر ڈی چوک تک پرامن مارچ کیا جہاں امیر جماعت اسلامی نے ایک دفعہ پھر نوجوانوں سے خطاب کیا۔سراج الحق نے خبردار کیا ہےکہ 2023ء میں دھاندلی کو برداشت نہیں کریں گے, ملک میں ایک حقیقی نظام چاہتے ہیں، نوجوانوں سے کہتا ہوں اپنے آپ کو منظم کریں, نوجوان الیکشن جیت کر پارلیمنٹ تک پہنچیں ،نوجوانوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر اب وزیراعظم ہاؤس کا رخ کرنے کو تیار ہے، حکومت ایک کروڑ نوکریاں تو کیا ایک کروڑ ریوڑیاں اور مونگ پھلی بھی تقسیم نہیں کر سکی ،ظالموں کو اب گھر بھیجنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا یہاں میں بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کے ایجنٹ ہیں، یہاں ایوانوں میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے ایجنٹ بیٹھے ہیں،نوجوان ہی آئی ایم ایف، ورلڈ بنک کے غلاموں کو گھر بھیجیں گے،کشمیر پر سودا کرنے والوں کو مزید برداشت نہیں کریں گے،خان صاحب نے ملک کا مستقبل تاریک بنایا ،ملکی اداروں کو تباہ کیا ،سٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا۔امیر جماعت اسلامی نے سوال کیا کہ آرمی اور اسٹیبلشمنٹ کا سیاست سے کیا تعلق ہے؟فوج کی عزت کرتے ہیں لیکن ان جرنیلوں سے گلہ ہے جنہوں نے 70 سالوں سے ملک پر اشرافیہ مسلط کیا،فوجیوں سے پوچھتا ہوں اپنے حلف کی پاسداری کیوں نہیں کرتے،اسٹیبلشمنٹ سے کہتا ہوں سیاست سے الگ ہوجائیں، اسی میں ملک کی بقا ہے، ملک پر مسلط مافیا فوجی گملے میں پلی بڑھی ہے، ملک پر مسلسل اسٹیبلشمنٹ کی آشیر باد سے حکومتیں آئیں۔انہوں نے کہاچینی مافیا نے ملک کے 186 ارب لوٹے،آٹا مافیا، چینی مافیا اور پٹرول مافیا نے ملک کا ستیاناس کیا،بتایا جائے،،عمران خان ایک دفتر نہیں چلا سکے ملک کیا چلائیں گے، امیر جماعت اسلامی نے کہا عدالت سے پوچھتا ہوں آپ کی توہین عدالت تو ہوتی ہے ،توہین انصاف کا کیا ہوگا ؟ اسلام آباد کا ٹاور اس لیے نہیں گرتا کہ یہاں ججوں اور جرنیلوں کے فلیٹس ہیں، ہم نسلہ ٹاور کے رہائشیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، بلوچستان میں ہزاروں لوگ لاپتہ ہیں ،آج میں بلوچستان کے ساتھ کھڑا ہوں ،گوادر کے لوگوں کو ان کا حق دینا پڑے گا، انہوں نے کہاپاکستان چلانا اب عمران خان کے بس کی بات نہیں ،سٹیل مل، ریلوے اور پی آئی اے کو تباہ کر دیا گیا،اسلامی ریاست کو نام لے کر سود، کرپشن اور بدعنوانی کو عام کیا گیا ،اگر حکم دوں تو آج نوجوان پارلیمنٹ کے اندر جا سکتے ہیں، اگر حکم دوں تو نوجوان حکومت کے ایوانوں تک پہنچ سکتے ہیں بعد ازاں مہنگائی کے خلاف یوتھ مارچ میں خطاب کے دوران امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ بعد نوجوانوں کو ڈی چوک بلائینگے اور اگلی بار نوجوان گھر والوں کو ساتھ لیکر ڈی چوک آئیں۔

تازہ ترین