گھوٹکی(نامہ نگار) پنجاب کے بعد سندھ میں بھی کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصرکو الٹی میٹم دے دیا گیا۔ رونتی کے کچے کے علاقے میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصرکے خلاف آپریشن کی تیاری کرلی ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی مسعود بنگش نے مسلح گروہ کو ہتھیار ڈالنے کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دے دی۔ انہوں نے کہا کہ جو مسلح گروہ پیش ہونا چاہتا ہے وہ پیش ہوجائے ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے بڑے پیمانے پر آپریشن کے لیے اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہےجس کے بعد علاقے میں آپریشن شروع کیا جائیگا اور علاقے کو ڈاکوؤں سے کلیئر کرایا جائیگا۔ دوسری جانب آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ضلع بھر کے ایس ایس پیز ، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نے کچے کے علاقے میں ڈیرے ڈال لیے ہیں۔