• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کی نئی قسم اومی کرون کو بہت سنجیدہ لینا چاہئے، ڈاکٹر جاوید اکرم


کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر یو ایچ ایس ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی قسم اومی کرون کو بہت سنجیدہ لینا چاہئے، پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامد 7 افریقی ممالک سے آئے ہوئے لوگوں کو قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہوگا، نون لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو مبینہ ووٹوں کی خرید و فرخت کی ویڈیو کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے، پروگرام میں سابق کرکٹر سکندر بخت اور بانی پی اے ڈبلیو ایس ماہرہ عمر نے بھی گفتگو کی۔ ’جیوپاکستان‘ میں کورونا وائر س کی نئی قسم اومی کرون کے تیزی سے پھیلاؤ پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر یو ایچ ایس ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزید کہا کہ اس وائرس کوہمیں بہت سنجیدہ لینا چاہئے ساؤتھ افریقا سمیت کئی ممالک میں اس کا پھیلاؤ بہت تیزی سے ہورہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ حکومتی اقدامات میں مزید بہتری کی ضرورت ہے پاکستان نے ہانگ کانگ اور افریقی ممالک سے اپنی فلائٹس بند کرکے اچھا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں سول ایوی ایشن کو ایئرپورٹس پر ٹیسٹ اینڈ ٹریس کا سسٹم دوبارہ فعال کرنا چاہئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افریقا میں 60 فیصد لوگ ویکسی نیٹڈ ہیں پاکستان میں اکثریت نے ویکسی نیشن نہیں کرائی جب تک پوری دنیا ویکسی نیٹڈ نہیں ہوجاتی اس وائرس پرقابو نہیں پایا جاسکے گا۔

تازہ ترین