• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کپل دیو کی زندگی پر مبنی بھارتی فلم ’83‘ کا ٹریلر ریلیز


بھارت کے سابق کرکٹر کپل دیو کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’83‘ کا ٹریلیر ریلیز ہوگیا ہے۔

فلم ’83‘جس میں رنویر سنگھ اوردیپیکا پڈوکون مرکزی کردار ادا کرتے نظر آرہے ہیں، بھارتی کرکٹ ٹیم کی 1983 کے ورلڈ کپ میں تاریخی فتح کی سچی کہانی پر مبنی ہے۔

اداکار رنویر سنگھ اس فلم میں بھارت کے سابق کرکٹر کپل دیو کا کردار جبکہ دیپیکا پڈوکون فلم میں کپل دیو کی اہلیہ رومی بھاٹیہ کا کردار ادا کرتی ہوئی نظر آئیں گی۔

فلم  کی کاسٹ میں رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون کے علاوہ طاہر راج بھاسن، جیوا، ثاقب سلیم، جتن سرنا، چراغ پاٹل، دنکر شرما، نشانت دہیا، ہارڈی سندھو، ساحل کھٹر، ایمی ورک، ادنی ناتھ کوٹھارے، دھیری کاروا، آر بدری اور پنکج ترپاٹھی بھی شامل ہیں۔

فلم ’83‘ کو رواں سال 24 دسمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔

یہ فلم ہندی کے علاوہ، تامل، تیلگو، کناڈا اور ملیالم زبان میں بھی سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ 

اس پروجیکٹ کو دیپیکا پڈوکون، کبیر خان، وشنو وردھن اندوری، ساجد ناڈیاڈوالا، فینٹم فلمز، ریلائنس انٹرٹینمنٹ نے مل کر بنایا ہے۔

خیال رہے کہ1983کے ورلڈ کپ میں بھارت، ویسٹ انڈیز کوہرا کر نیا عالمی چیمپئن بنا تھا۔

25جون1983 کو لارڈز کے تاریخی میدان میں شائقین کرکٹ ایک بار پھر تاریخی میچ دیکھنےکےلئے جمع تھی۔ 

کپتان کلائیو لائیڈ نےٹاس جیت کر پہلے بھارتی کپتان کپل دیو کو کھیلنے کی دعوت دی، حکمت عملی اس موقع پر کامیاب رہی، بھارتی ٹیم ویسٹ انڈیز کے تیز رفتار بولرز کے سامنے زیادہ دیر ٹھہر نہ پائی اور 54 اعشاریہ 4 اوورز میں 183رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

بظاہر میچ ویسٹ انڈیز کے ہاتھ میں تھا اور دنیائے کرکٹ ویسٹ انڈیز کو کامیابی کی ہیٹ ٹرک کرتا دیکھ رہی تھی، لیکن سب کچھ اس کے برعکس ہوا۔

ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 54 اوورز میں 140رنز پر آوٹ ہوگئی۔ مہندر امرناتھ اس مرتبہ بھی مین آف دی میچ ٹھہرے، انہوں نے آل راؤنڈر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26رنز بنائے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس کامیابی سے بھارت نے دنیائے کرکٹ میں تہلکہ مچا دیا تھا۔

تازہ ترین