• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اومی کرون کا خوف، تیل کی قیمتیں 3 ماہ کی کم ترین سطح پر

نیویارک /کراچی (نیوز ڈیسک) عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گزشتہ روز ایک بار پھر گر کر گزشتہ 3 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئیں، ماڈرنا کے سربراہ کی جانب سے ویکسین کے کورونا کی نئی قسم اومی کرون کیخلاف لڑنے کی صلاحیت پر شکوک وشبہات کے بعد نہ صرف تیل کی مانگ کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں بلکہ اس کے نتیجے میں فنانشل مارکیٹس بھی گراوٹ کا شکار رہیں۔سرمایہ دار ایک بار پھر اومی کرون کے باعث پریشان ہوگئے ہیں۔ ماڈرنا کے سربراہ اسٹیفن بانسل نے برطانوی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ 19 کی ویکسین کا اومی کرون کیخلاف اتنا زیادہ موثر ہونے کا امکان نہیں ہے جتنی کہ وہ ڈیلٹا ویرینٹ کیخلاف موثر ہے۔ برینٹ کروڈ کی قیمت میں 3.76 فیصد یعنی 2.76 ڈالر کمی کے بعد فی بیرل 70.68 ڈالر کا ہوگیا۔ اسی طرح امریکی تیل (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں 4 فیصد یعنی 2.86 ڈالر کمی کے بعد فی بیرل 67 ڈالر کا ہوگیا۔ دوسری جانب امریکا میں وال اسٹریٹ کا آغاز 0.7 فیصد کمی کیساتھ ہوا۔ یورپ کے اسٹاک میں 0.5 فیصد کمی دیکھی گئی۔ ہانگ کانگ اور جاپان کی اسٹاک مارکیٹوں میں 1.6 فیصد کمی کا رحجان رہا۔ برطانوی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکا میں وفاقی ذخائر کے چیئرمین جیروم پاول امریکی ارکان پارلیمنٹ کو بتایا کہ کورونا کی نئی قسم سے معاشی بحالی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ برطانوی ماہر معیشت اور سوئس معاشی ادارے کے سربراہ پاول ڈونووان نے کہا ہے کہ اس وقت معیشت خوف کی زد میں ہے، خوف کی وجہ سے سفر اثرانداز ہورہا ہے، کئی ممالک میں پابندیاں لگائی جاچکی ہیں جبکہ کسی دوسرے ملک میں پھنس جانے کے خوف نے بھی شہریوں کو اپنے سفری منصوبوں کو تبدیل کرنے پر مجبور کردیا ہے۔
تازہ ترین