اسلام آباد(نیوز ایجنسی، جنگ نیوز) دنیا بھر میں کورونا کی نئی قسم اومیکرون کے بعد ملک بھر میں بوسٹر ڈوز لگانے کی منظوری دے دی گئی، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں ہیلتھ کئیر ورکرز، 50سال سے زائد عمر کے شہریوں اور کم قوت مدافعت والوں کے لیے بوسٹر ڈوز لگائی جائیں گی۔ بدھ کو وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں کورونا صورتحال اور ویکسینیشن پر بریفنگ دی گئی اور کورونا کی نئی قسم اومی کرون سے متعلق صوبوں کو زیادہ فوکس کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں ویکسی نیشن نہ کرانے والے افراد کوموقع پر ہی ویکسین لگانیکا فیصلہ کیا گیا۔ این سی او سی نے ویکسی نیشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس متعلق حکام اور صوبوں کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ این سی او سی نے بتایا کہ ملک بھر میں 40ویکسی شنین کال سینٹر قائم کر دیئے گئے ہیں، تمام صوبے دور افتادہ علاقوں کیلئے ویکسی نیشن کی خصوصی مہم شروع کریں گے، نئے ویرینٹ کے حوالے سے صوبائی نمائندوں کو زیادہ فوکس کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ویکسی نیشن کیلئے خصوصی مہم شروع کردی گئی ، ویکسی نیشن ٹیمیں مختلف پبلک مقامات پر موجود رہیں گی۔ اجلاس میں حکام کی جانب سے کورونا پھیلاؤ، اموات اور اسپتالوں میں نئے داخل ہونیوالے مریضوں سے متعلق بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ویکسی نیشن کرانے میں پاکستان کے 40شہر بہترین یا بہتر قرار پائے گئے ہیں۔