امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ جھوٹ ہے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں لیوی لگانا طے کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ لیوی کے خاتمے کےلیے 2 ماہ سے زائد عرصے سے جدوجہد کررہے ہیں۔ لیوی کا پیٹرول کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں، پیٹرول مہنگا ہونے کی وجہ سے ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پیٹرول سستا نہیں ہوگا تو معیشت تباہ ہوجائے گی، ہم نے تیاری کے ساتھ حکومت کو لیوی کے خاتمے کی تجاویز دیں، ہماری تجاویز کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ جھوٹ ہے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں لیوی لگانا طے کیا گیا ہے، یہ آئی ایم ایف کا 24 واں پروگرام ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نےیہ بھی کہا کہ آج آئی ایم ایف وفد یہاں آرہا ہے، اس سے ڈرے ہوئے ہیں، کیا آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ بڑے جاگیرداروں کو رعایت دے دیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہاں ہے کہ بجلی کے بلوں میں فکس چارجز لگائیں، 3 فیصد شرح سود کم کرنے سے لیوی کی آمدن ویسے ہی مل جائے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کا شرح سود کم کرنے سے مہنگائی بڑھنے کی منطق درست نہیں، ان حالات میں 6 اعشاریہ 6 ارب روپے کی گاڑیوں کا آرڈر دیا ہے، ابھی جتنی گاڑیاں چل رہی ہیں اس کا حساب تو دیں۔