پشاور(وقائع نگار)خیبر پختونخوا کے بھٹہ خشت مالکان کی ہڑتال سترہ ویں روز بھی جاری رہی اور صوبہ بھر کی بھٹیاں بند کر رکھی تیل و گیس اور کوئلے کی قیمتوں میں اضافےکیخلاف بھٹہ خشت ایسوسی ایشن نے بطور احتجاج خیبر پختونخوا کی تمام بھٹیاں بند کر دی ہیں اس سلسلے میں بھٹہ خشت ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر حامد اللہ فواد، جنرل سیکرٹری اشرف باچا، سرپرست اعلیٰ آئین خان، ضلعی صدر ولی محمد، سینئر نائب صدر یوسف خان جلوزئی اور سیکرٹری اطلاعات میر رحمن کا کہنا تھا کہ تیل اور گیس کے نرخ بڑھنے سے ان کے روزگار پر منفی اثرات مرتب ہو چکے ہیں۔ اسی طرح کوئلے کی قیمتیں بھی 25 ہزار روپے فی ٹن مقرر کر دی گئی ہے جس کے اثرات اینٹ بھٹیوں کے مالکان پر بھی پڑے ہیں اور ان کا روزگار متاثر ہو چکا ہے دوسری جانب حکومت بھی خیبر پختونخوا کی اینٹ بھٹیوں کو زگ زیگ بنانا چاہتی ہے لیکن اس مد میں بھٹہ خشت مالکان کو سپورٹ نہیں کر رہی انہوں نے کہا کہ بھٹہ خشت مالکان نے 15 نومبر سے ہڑتال جاری رکھی ہے اور صوبہ بھر کی بھٹیاں بند ہیں تاہم حکومت اور کوئلہ مالکان نے ابھی تک کوئی مذاکرات نہیں کیے جو افسوسناک ہے۔