• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عقیدہ ختم نبوت ایمان کامل اور اس کا تحفظ ہر مسلمان کی اولین ذمہ داری ہے، علما و مشائخ

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) عقیدہ ختم نبوت ایمان کامل ہے اور اس کا تحفظ ہر مسلمان کی اولین ذمہ داری ہے۔35ویں سالانہ ختم نبوت کانفرنس کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو اس عقیدہ کی اہمیت اور افادیت سے روشناس کرانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مکی مسجد برمنگھم میں 35ویں سالانہ ختم نبوت کانفرنس میں برطانیہ سمیت دنیا بھرسے آئے علمائے کرام، مشائخ عظام نے کیا۔ مولانا کانفرنس کی صدارت حافظ نگین نے کی۔ نظامت کے فرائض معروف مصنف طٰہ قریشی ایم بی ای اور مفتی خالد نےانجام دیئے۔ کانفرنس میں مولانا عطاء اللہ، مولانا امداد الحسن نعمانی، مولانا زبیر، علامہ سید ظفر اللہ شاہ،علامہ عاطف جبار،مولانا اسلام علی شاہ، مولانا عمران، علامہ اعجاز صدیقی، مولانا طارق مسعود، مولانا ارشد محمود، مولانا عبدالرشید ربانی، مولانا علامہ حامد قدوسی ہاشمی،علامہ اسرار احمد، صاحبزادہ فیض الحسن،علامہ سرفراز مدنی نے نبی اکرمﷺکی سیرت طیبہ اور عقیدہ ختم نبوت پر خطابات کئے۔ علامہ طٰہ قریشی نے ابتدائی کلمات میں کہا کہ عقیدت ختم نبوت پر حضورﷺ سے لے کر آج تک امت مسلمہ نے جھوٹے مدعیان نبوت سے کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے پوری امت متحد ہے اور اس عظیم الشان کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے جید علمائے کرام اورشیوخ کی شرکت اس بات کا واضح اعلان ہے کہ ہم کسی کو بھی حضور ﷺ کےآخری نبی ہونے پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ختم نبوت سنٹرکے جنرل سیکرٹری نے مزید کہا کہ جس طرح اللہ رب العزت کو اپنی ربوبیت میں کوئی شریک پسند نہیں ہے اسی طرح حضورﷺ کی نبوت میں بھی کوئی شریک پسند نہیں۔ مولانا حافظ نگیں نے کہا کہ عقیدت ختم نبوت میں ایک معمولی ساشائبہ بھی دائرہ اسلام سے اخراج کا سبب بنتا ہے۔ مولانا ڈاکٹر اختر الزمان غوری نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت نے امت مسلمہ کووحدت اور استحکام کی زنجیر میں باندھ رکھا ہے، ختم نبوت عقیدے پر تمام فرزندان اسلام کا مجتمع ہونا حضور اکرم ﷺکا معجزہ اور اللہ کریم کی سب سے بڑی رحمت ہے۔ علامہ سید ظفر اللہ شاہ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے حضورﷺ کو پوری کائنات کیلئے نبی بناکر بھیجا اور آپﷺ پر دین مکمل کیا، قیامت تک عقیدہ ختم نبوت پر مہر ثبت کردی گئی اب اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔مولانا ارشد محمود نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان نظریاتی طور پر معرض وجود میں آئی اور 1974ء میں اس ملک کی قومی اسمبلی نے عقیدہ ختم نبوت پر بل پاس کیا جس کی نظیر کہیں اور نہیں ملتی۔ مفتی خالد محمود کا کہنا تھا آپﷺ کی بعثت کے بعد اب قیامت تک کوئی دوسرا نبی پیدا نہیں ہوگا۔ نبوت کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند ہوگئے۔ مولانا طارق مسعود، قاری اظہار الحق کا کہنا تھا کہ حضورﷺ کی ذات اقدس سے محبت کا مطلب عقیدہ ختم نبوت سے محبت اور عقیدت ہے۔ اس موقع پر مختلف قراء حضرات اور ثناء خوانوں نے بارگاہ رسالتﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے ، شدید سردی اور منفی سنٹی گریڈ کے باوجود برطانیہ بھر سے عاشقان مصطفیٰﷺ کانفرنس میں شرکت کی اور مکی مسجد کے مرکزی ہال سمیت اطراف کی تمام جگہیں کھچا کھچ بھری ہوئی تھیں اور عظیم الشان اجتماع حضورﷺ سے والہانہ عقیدت کا اظہار تھا۔ اختتامی دعا پر طٰہ قریشی نےشرکا سے اظہار تشکر کیا۔

تازہ ترین