• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا غلام غوث ہزاروی درویشانہ صفات کے حامل تھے،عمر توحیدی

اولڈہم(پ ر) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کہا ہے کہ مولانا غلام غوث ہزاروی ایک ربانی عالم دین،نہایت متقی انسان، درویشانہ صفات کےحامل اور منجھے ہوئے مدبر سیاست دان تھے۔انہوں نے آمروں کی طرف سے مراعات کی پیشکش کو ٹھکرا کر سادہ زندگی گزارنے کو ترجیح دی۔وہ قصر عمر اولڈہم میں "فکرہزاروی" کے عنوان سےمنعقدہ نشست میں اپنےخیالات کا اظہار کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ علامہ شبیر احمد عثمانی کی قائم کردہ جماعت"جمعیت علمائے اسلام"کے تن مردہ میں جان ڈالی اور وہ بہت جلد پورے پاکستان میں نمایاں ہوگئی۔ مولانا ہزاروی حالات کا درست اور مکمل ادراک رکھتے تھے اور اس بنا پر جو پیش گوئی کرتے وہ من و عن پوری ہوتی۔ یہی وہ فاقہ مست اور بوریہ نشین تھاجس نے سیاست کی پرخار وادی میں آبلہ پائی کی اور ملک کی نظریاتی اوراساسی سرحدوں کو پامال نہ ہونے دیا- ایوبی آمریت اور اس کے عائلی قوانین کی بھی ڈٹ کرمخالفت کی اور تن تنہا اسمبلی سےان کےخلاف قرارداد منظور کروالی- عمر توحیدی نے کہاکہ الحاج جنرل ضیاء الحق نے جب ملک کی مذہبی و سیاسی سربر آوردہ شخصیات کو مظلوم ذوالفقار علی بھٹو شہید کی جمہوری حکومت کا پانسہ پلٹنے کے لئے استعمال کیا اور ناجائز حربے استعمال کرنا شروع کیے تو مولانا ہزاروی نے اس لمحہ بھی جمہوریت کا ساتھ دیا اور ضیاء آمریت کے خلاف کلمہ حق بلند کیا۔ آپ نےمنکرین ختم نبوت کی راہ روکنے کے لیےاپنا تن من دھن لگایا۔
تازہ ترین