جہلم،اسلام آباد(صباح نیوز،نمائندہ خصوصی) جہلم میں دینہ بائی پاس کے قریب کوچ پل سے نیچے گر گئی جس کے نتیجے میں2بچوں سمیت 3افراد جاں بحق اور4زخمی ہو گئے۔کوچ لاہور سے مری سکول ٹرپ لے کر جا رہی تھی کہ دینہ بائی پاس کے قریب اوور ٹیک کرتے ہوئے کوچ پل سے نیچے ریلوے لائن پر جا گری جس کے نتیجے میں ایک شخص اور 2بچے موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ چار کی حالت تشویشناک ہے۔حادثے میں بائیس افراد زخمی ہوئے جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم اور رورل ہیلتھ سینٹر دینہ منتقل کیا گیا ہے۔ادھر وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے دینہ میں لاہور کے نجی سکول کی ٹرپ کوسٹر کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ افسوسناک ہے، حادثے میں جاں بحق ہونے والے ٹیچر اور طلبہ کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے دعا کی کہ خداتعالیٰ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے حادثے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعاکی ۔